امریکی ایوان نمائندگان کانگریس نے ڈونلڈ ٹرمپ کی بطور امریکی صدر کامیابی کی باضابطہ توثیق کردی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نائب صدر کملا ہیرس نے اعلان کیا ہے کہ نومبر 2024 کے صدارتی انتخاب میں ان کے حریف ڈونلڈ ٹرمپ کامیاب رہے۔
امریکا میں صدارتی انتخابات کا نتیجہ ایگزٹ پولز کی صورت میں عام طورپر اگلے روز ہی آجاتا ہے تاہم باضابطہ کامیابی کا اعلان کانگریس ہی کرتی ہے۔
6 جنوری سن 2021 میں ڈونلڈٹرمپ کے حامیوں کی جانب سے کانگریس پر حملہ بائیڈن کی توثیق روکنے کی کوشش تھا اور اس واقعہ سےپہلے تک صدارتی امیدوار کی اس باضابطہ کامیابی کو اتنی اہمیت نہیں دی جاتی تھی۔
صدر بائیڈن کا کہنا ہےکہ عوام کیپٹل ہل پر 6جنوری کو کیے گئے حملے کو کبھی فراموش نہ کریں۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو امریکی صدر کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔
امریکی جج نے گزشتہ دنوں کاروباری معلومات میں جعلسازی سے متعلق مقدمے میں ٹرمپ پر فرد جرم برقرار رکھی اور سزا سنانے کیلئے 10 جنوری کی تاریخ مقرر کی۔
ڈونلڈ ٹرمپ مجرم قرار دیے جانے کے باوجود صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے امریکا کے پہلے صدر ہوں گے۔