2024ء: یو اے ای کی معیشت میں نمایاں ترقی، شرح نمو میں 3.6 فیصد اضافہ

0 6

2024ء میں متحدہ عرب امارات کی معیشت میں نمایاں ترقی ہوئی، شرح نمو میں 3.6 فیصد اضافہ ہوا۔

مقامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 2024ء کے پہلے نصف میں ملک کی معیشت نے نمایاں ترقی اور مسابقت کا مظاہرہ کیا ہے، جس سے متحدہ عرب امارات کی کاروبار اور سرمایہ کاری کے لئے ایک مضبوط عالمی اقتصادی طاقت کے طور پر پوزیشن مزید مستحکم ہوئی ہے۔

یو ای اے کے فیڈرل کمپٹینس اینڈ سٹیٹسٹکس سینٹر کی جانب سے جاری کردہ ابتدائی تخمینہ رپورٹ کے مطابق ملک کی حقیقی جی ڈی پی 879.6 بلین درہم تک پہنچ گئی جو شرح نمو میں 3.6 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہے۔

رپورٹ کے مطابق غیر تیل شعبوں کی جی ڈی پی 660 بلین درہم رہی، جس میں 4.4 فیصد کی ترقی ہوئی اور ان کا جی ڈی پی میں حصہ 75 فیصد تک پہنچ گیا، برائے نام جی ڈی پی 5.6 فیصد اضافے کے ساتھ 981 بلین درہم رہی، اور غیر تیل جی ڈی پی 6.8 فیصد بڑھ کر 749 بلین درہم تک پہنچ گئی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے مختلف شعبوں نے شاندار کارکردگی دکھائی، جن میں ٹرانسپورٹ اور سٹوریج 8.4 فیصد ترقی کے ساتھ سب سے آگے رہا، جبکہ مالیاتی اور انشورنس سرگرمیوں میں 7.6 فیصد، تعمیرات میں 7.3 فیصد، انفارمیشن اور کمیونیکیشن میں 5.3 فیصد اور ریستوران و ہوٹل کے شعبے میں 5.1 فیصد ترقی ہوئی۔

سیاحت کے شعبے نے بھی زبردست پیش رفت کی، ہوٹل کی آمدنی 24.6 بلین درہم سے تجاوز کر گئی، جو 7 فیصد اضافہ ہے، جبکہ ہوٹلوں میں مہمانوں کی تعداد 15.3 ملین تک پہنچ گئی، جو 10.5 فیصد ترقی کی نمائندگی کرتی ہے۔

مقامی میڈیا رپورٹ کے مطابق تجارت غیر تیل جی ڈی پی میں 16.5 فیصد کے ساتھ سب سے بڑا حصہ دار رہی، مینوفیکچرنگ نے 15 فیصد، مالیاتی اور انشورنس سرگرمیوں نے 12.5 فیصد، تعمیرات نے 11.6 فیصد، اور رئیل سٹیٹ نے 7.6 فیصد کا حصہ ڈالا۔

متحدہ عرب امارات کے وزیر معیشت عبداللہ بن طوق المری نے جاری کردہ ابتدائی تخمینوں کو سراہتے ہوئے اس ترقی کو شیخ محمد بن زاید النہیان اور شیخ محمد بن راشد المکتوم کی بصیرت افروز قیادت کا نتیجہ قرار دیا، جو ویژن 2031ء کے تحت معیشت کو 3 ٹریلین درہم تک لے جانے کے ہدف کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.