دنیا بھر میں پناہ گزینوں کی تعداد 2024 میں 12 کروڑ سے تجاوز کر گئی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے کہا ہے کہ یہ تعداد پچھلے سال کے اعداد و شمار سے زیادہ ہے، یو این ایچ سی آر کے جرمن پارٹنر کی سالانہ رپورٹ کے مطابق 2023 میں عالمی پناہ گزینوں کی تعداد 11 کروڑ 74 لاکھ تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس اضافے کی بنیادی وجہ سوڈان میں جاری خانہ جنگی کے باعث بڑے پیمانے پر بے گھر ہونے والے افراد ہیں، رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ اپریل 2023ء میں سوڈان میں تشدد بڑھنے کے بعد 1 کروڑ 18 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہونے پر مجبور ہوئے تھے۔
اس کے علاوہ کانگو اور میانمار میں حالات نے بھی پناہ گزینوں کی تعداد میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا، مزید برآں غزہ اور لبنان میں جاری تنازعات کی وجہ سے 17 لاکھ سے زائد افراد کو نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا۔