سیئول: جنوبی کوریا میں لینڈنگ کے دوران طیارہ خوفناک حادثے کا شکار ہو گیا جس کے نتیجے میں 179 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جنوبی کوریا کی قومی ائیر لائن نے طیارے کو پیش آنے والے حادثے میں 179 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے، 2 افراد کو زندہ بچا لیا گیا جبکہ طیارےکے عقبی حصے میں موجود مسافروں کوبچانےکی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فائر ایجنسی حکام کا کہنا ہے کہ بہت سے افراد طیارے سے باہر گرنےکے باعث ہلاک ہوئے، طیارہ حادثہ ممکنہ طورپرپرندہ ٹکرانےاورخراب موسم کے باعث پیش آیا تاہم حادثےکی اصل وجہ کا اعلان مکمل تحقیقات کے بعدکیا جائےگا۔
جنوبی کوریا کی وزارت ٹرانسپورٹ کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے سے قبل کنٹرول ٹاور نے طیارے سے پرندے ٹکرانےکی وارننگ بھیجی تھی۔
دوسری جانب سی ای او جیجو ائیر کا کہنا ہےطیارہ حادثے کی وجوہات ابھی تک غیر واضح ہیں، طیارے کی خرابی کے کوئی ابتدائی شواہد نہیں ملے، گرنے والےطیارے کے حادثات کا کوئی سابقہ ریکارڈ نہیں تھا، طیارہ حادثے پر معذرت خواہ ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ طیارے کو حادثہ لینڈنگ گیئر میں خرابی کے سبب پیش آیا،طیارہ رن وے سے اتر کر رن وے کے گرد لگی باڑھ سے جا ٹکرایا جس سے طیارے میں آگ بھڑک اٹھی تاہم بعد ازاں ایمرجینسی عملے نے طیارے میں لگی آگ بجھا دی۔
خبر ایجنسی کے مطابق جبکہ حادثہ جنوبی کوریا موان ائیرپورٹ پر پیش آیا۔
رپورٹ کے مطابق جنوبی کورین ائیرلائن کے طیارے میں 175 مسافر اور 6 فلائٹ اٹینڈنٹ سوار تھے جبکہ طیارہ تھائی لینڈ کے شہر بنکاک سے واپس آرہا تھا۔
خیال رہے کہ موان ائیر پورٹ طیارہ حادثہ 1997 کے بعد سے کسی بھی جنوبی کوریائی ائیر لائن کا بدترین حادثہ ہے، جنوبی کوریا میں 1997 کے طیارہ حادثے میں 200 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔