پاکستان کیساتھ ملٹری ٹوملٹری سطح پر بہترتعلقات ہیں،پینٹاگون
پینٹاگون جان کربی کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان اور امریکا کے مفادات مشترکا ہیں، دونوں ممالک کے درمیان عسکری سطح پر تعلقات بہتر ہے اور ہمیں پوری توقع ہے کہ یہ تعلقات ایسے ہی رہیں گے۔
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ترجمان جان کربی کا پریس بریفنگ کے دوران سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ پاکستان کے اندورنی سیاست معاملات پر کوئی بات نہیں کروں گا۔
انہوں نے بتایا کہ فی الحال پاکستان کے نو منتخب وزیراعظم یا حکومت سے فوری کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔
پاکستانی کی قربانیوں کا اعتراف کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ہم تسلیم کرتے ہیں کہ پاکستان خطے میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ پاکستان اور پاکستانی عوام خود اپنے ہی ملک کے اندر دہشت گردانہ حملوں کا شکار ہوئے ہیں۔ خطے کی سلامتی اور استحکام کے حوالے سے ہمارے اور پاکستان کے مشترکا مفادات ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور پاکستان کے ملٹری ٹو ملٹری تعلقات قائم ہیں اور ہمیں پوری توقع ہے کہ آنے والی حکومت کے بعد بھی یہ تعلقات ایسے ہی قائم رہیں گے۔
صحافی کی جانب سے دوبارہ ان سے سوال کیا گیا کہ سابق وزیراعظم کے حامیوں کی جانب سے بڑی تعداد میں سڑکوں پر مظاہرے اور ریلیاں نکالی جا رہی ہیں،جس کی وجہ سے فوج مداخلت کرسکتی ہے، تو کیا امریکا اس صورت حال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے؟۔
جواباً جان کربی کا کہنا تھا کہ میں یہاں امریکی فوجی کردار کی پیش گوئی نہیں کرتا۔ میں یقینی طور پر، دوبارہ اپنی بات دہراؤں گا کہ پاکستان کی اندرونی ملکی سیاست پر کچھ نہیں کہنا ہے۔