فرینڈلی فائر سے امریکی ایف سولہ طیارہ تباہ ہونے پریوکرین کے صدر زیلنسکی نے ائیرفورس کمانڈر کو برطرف کردیا۔
روسی میڈیا کے مطابق صدر ولودومیر زیلنسکی نے ائیرفورس کمانڈر میکولا اولیشک کو برخاست کردیا ہے اوران کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل اناطولی کروونوز کو قائم مقام کمانڈر مقرر کیا ہے۔
دعویٰ کیا گیا ہے کہ یوکرین کو دیا گیا امریکی ایف سولہ طیارہ غلطی سے یوکرین ہی کے پیٹریاٹ اینٹی کرافٹ میزائل نظام کا نشانہ بن گیا تھا۔
گزشتہ روز یوکرینی فوج نے اپنے ایک بیان میں طیارہ تباہ ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ حادثے میں ایف 16 طیارے کا پائلٹ بھی ہلاک ہوگیا۔
یوکرینی فوج کا کہنا تھا کہ روسی حملے کو ناکام بنانے کے دوران ایف 16 طیارے سے رابطہ منقطع ہوا، ایف 16 طیارے نے روس کے 4 کروز میزائل مار گرائے تھے اور دشمن کے اگلے ہدف کی طرف بڑھ رہا تھا جب رابطہ منقطع ہوا۔
واضح رہے کہ یوکرین کو رواں ماہ ہی امریکا سے 6 ایف 16 لڑاکا طیارے ملے تھے، یوکرینی صدر زیلنسکی نے 4 اگست کو ایف 16 طیارے یوکرینی پائلٹوں کے زیر استعمال ہونے کا بتایا تھا۔