ممبئی: بھارتی شہری نے گاڑی سے ٹکر لگنے پر ٹیکسی ڈرائیور کو اٹھا کر پٹخ دیا، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ٹیکسی ڈرائیور قائم الدین معین الدین قریشی کی مدعیت میں کار سوار رشبھ چکروتی اور اس کی اہلیہ کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ٹیکسی ڈرائیور ممبئی کے ایک علاقے میں ٹیکسی چلارہا تھا کہ رشبھ چکروتی کی گاڑی نہایت قریب سے گزری جس سے دونوں گاڑیوں نے آپس میں رگڑ کھائی۔
اس کے بعد دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جس دوران رشبھ چکروتی کی ماں نے ٹیکسی ڈرائیور کی نیویگیشن ڈیوائس چھین لی اور وہ خاندان اپنی گاڑی میں وہاں چلاگیا۔
ٹیکسی ڈرائیور نے گاڑی کا پیچھا کیا اور اس دوران ایک رہائشی سوسائٹی کے داخلی دروازے پر جب رشبھ چکروتی کی گاڑی سست ہوئی تو ٹیکسی اس گاڑی سے ٹکرا گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گاڑی کی ٹکر کے بعد رشبھ اپنی گاڑی سے اترا اور اس نے ٹیکسی ڈرائیور کو اٹھا کر زمین پر پٹخ دیا جبکہ اس دوران اس کی اہلیہ اور ماں بھی ڈرائیور کو برا بھلا کہتی رہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ٹیکسی ڈرائیور کے سر پر چوٹیں آئیں جسے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ضروری علاج کے بعد اسے گھر بھیج دیا گیا۔