بنگلادیش میں گزشتہ دنوں ہونے والے حکومت مخالف احتجاج کے دوران عمارت کی چوتھی منزل پر لٹکا شخص پولیس کی 6 گولیاں لگنے کے باوجود معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا۔
بنگلادیشی اخبار کے مطابق 23 جولائی کو بنگلادیش میں انٹرنیٹ سروس بحال ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایک شخص کو زیر تعمیر عمارت پر لٹکا دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس کے بعد دو پولیس اہلکار اس زیر تعمیر عمارت میں آتے ہیں جس کے بعد گولیاں چلنے کی آواز آتی ہے، اس دوران پولیس اہلکار پر عمارت سے لٹکے شخص کا نشانہ لیتے نظر آتے ہیں۔
اس ویڈیو میں نظر آنے والے مناظر سے لگتا ہے کہ عمارت سے لٹکا ہوا شخص گولیوں کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ہے۔
مقامی صحافی کی جانب سے 24 جولائی کو اس زیر تعمیر عمارت کا دورہ کرنے پر وہاں خون کے دھبے بھی نظر آتے ہیں، تاہم ویڈیو میں نظر آنے والے شخص کے بارے میں کوئی معلومات نہیں ملتیں۔
تاہم اب یہ بات سامنے آئی ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والا شخص معجزانہ طور پر زندہ بچ گیا۔