جاپان کے ایک ہائی اسکول میں تیز مصالحے والے چپس کھاکر طلبہ کی حالت خراب ہوگئی جس پر انہیں اسپتال منتقل کرنا پڑا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق منگل کے روز دارالحکومت ٹوکیو میں قائم روکوگو کوکا ہائی اسکول میں لنچ ٹائم کے دوران 30 کے قریب طالب علموں نے تیز مرچ مصالحے والے چپس کھائے۔
انتظامیہ کے مطابق 13 طالبات اور ایک طلبہ نے چپس کھانے کے بعد پیٹ اور منہ میں درد کے ساتھ ساتھ قے کی شکایت کی اور ان کی حالت غیر ہونے پر فوری اسپتال منتقل کیا گیا۔
انتظامیہ نے بتایا کہ طالب علموں کو طبی امداد دے دی گئی اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چپس بنانے والی کمپنی نے کہا ہےکہ یہ چپس گھوسٹ مرچ نامی انتہائی تیز مرچ سے تیار کیے گئے ہیں جس کی کاشت بھارت میں کی جاتی ہے، اس چپس کو 18 سال سے کم عمر کے افراد کو کھانے سے منع کیا گیا، یہ مرچ کھانے سے پیٹ میں درد اور پیٹ خراب ہونے کی شکایت ہوتی ہے جب کہ ہائی بلڈپریشر اور کمزور معدے والے لوگوں کو بھی یہ چپس کھانے سے منع کیا جاتا ہے۔