تہران (شوریٰ نیوز)ایران ایسا ستون ہے جس پر فلسطینی استقامتی گروہ تکیہ کرتےہیں، فلسطینی مجاہدوں نے غزہ پر صیہونیوں کے حملے کو ناکام بنا کر ثابت کردیا کہ کامیابی کی صبح قریب آچکی ہے ان خیالات کا اظہارحماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے ایک بیان میں کیا انہوں نے فلسطینی مزاحمتی گروہوں کے نام سپاہ پاسداران انقلاب کے قدس فورس کے کمانڈر ان چیف جنرل اسماعیل قاآنی کے پیغام کو رہبر انقلاب اسلامی کی جانب سے استقامتی محاذ کی نامحدود حمایت کے موقف کا تسلسل قرار دیا اور کہا کہ ایران وہ ستون ہے جس پر فلسطینی استقامتی گروہ تکیہ کرتے ہوئے صیہونی اور امریکی دشمنوں کو شکست سے ہمکنار کر سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ صیہونی دشمن یہ سمجھ بیٹھا تھا کہ سرایا القدس کے کمانڈروں کو شہید کرکے مزاحمت کو ختم اور فلسطینی عوام پر وحشت طاری کردیگا۔ انہوں نے کہا کہ تل ابیب کو یہ زعم تھا کہ غزہ پر حملہ کرکے اپنے اندرونی بحران پر قابو کر سکے گا اور غاصب فوج بھی واپس کھڑی ہوپائے گی لیکن جنگ کے نتیجے نے حریت پسندوں کے انتقامی جذبے اور صیہونیوں کی بحرانی کیفیت کو اور بھی بڑھا دیا۔یاد رہے کہ سپاہ قدس کے کمانڈر ان چیف جنرل اسماعیل قاآنی نے گذشتہ دنوں استقامتی گروہوں کے سربراہوں کے نام ایک پیغام جاری کرکے کہا تھا کہ فلسطینی مجاہدوں نے غزہ پر صیہونیوں کے حملے کو ناکام بنا کر ثابت کردیا کہ کامیابی کی صبح قریب آچکی ہے۔