سوڈان میں پھنسے مزید93افراد پاکستان پہنچ گئے

تقریباً تمام ایک ہزار پاکستانیوں کو48گھنٹوں میں سوڈان سے نکال لیا جائے گا

0 344

اسلام آباد(شوریٰ نیوز)وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ سوڈان میں پھنسے مزید 93 پاکستانی فلائٹ پی کے 754 کے ذریعے آج صبح اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئے۔سرکاری خبررساں ادارے ’ریڈیو پاکستان‘ کی رپورٹ کے مطابق اِن 93 پاکستانیوں کی آمد کے بعد اب تک 636 پاکستانی سوڈان سے 5 خصوصی پروازوں کے ذریعے جدہ کے راستے وطن واپس پہنچ چکے ہیں۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ تقریباً تمام ایک ہزار پاکستانیوں کو آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران سوڈان سے نکال لیا جائے گا۔وزیر برائے سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری اور وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام نے ایئرپورٹ پر سوڈان سے آنے والے پاکستانی شہریوں کا استقبال کیا۔ساجد حسین طوری نے بتایا کہ سوڈان میں مقیم پاکستانیوں کی کُل تعداد ایک ہزار 200 کے لگ بھگ ہے، ان میں وہ پاکستانی بھی شامل ہیں جو بحفاظت وطن واپس لوٹ چکے ہیں۔امیر مقام نے کہا کہ حکومت سوڈان میں پھنسے باقی پاکستانیوں کو نکالنے کی کوششیں جاری رکھے گی، حکومت ان پاکستانی شہریوں کو سوڈان سے لے کر پاکستان میں ان کے گھروں تک پہنچانے تک تمام اخراجات برداشت کر رہی ہے۔قبل ازیں دفتر خارجہ نے ایک ٹوئٹ میں انخلا کے عمل میں سہولت فراہم کرنے پر سعودی وزارت خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم اس مشکل وقت میں پاکستانیوں کی مدد اور تعاون کرنے پر برادر ملک سعودی عرب کے شکر گزار ہیں‘۔گزشتہ شب سعودی وزارت خارجہ نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’36 پاکستانی رائل سعودی ایئر فورس کے ٹرانسپورٹ طیارے کے ذریعے جدہ پہنچ چکے ہیں اور ایک بحری جہاز میں بھی پاکستانیوں کی نامعلوم تعداد پہنچ چکی ہے‘۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.