ایران کا یمن میں جنگ بندی کی کسی بھی کوشش کی حمایت کا اعلان
پاک نیوز-اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران، یمن میں جنگ بندی کی کسی بھی کوشش کی حمایت کرتا ہے جنگ بندی کا فیصلہ عملی اور انصاف پر مبنی ہونا چاہیے۔
ایرانی وزارت خآرجہ کے ترجمان نے یمن پر سعودی عرب کی طرف سے مسلط کردہ جنگ کے آٹھویں سال کے آغاز میں ایک بیان میں کہا ہے کہ سعودی عرب نے یمن پرجنگ مسلط کرکے انسانی المیہ کو جنم دیا ہے۔ یمن پر مسلط کردہ ظالمانہ اور مجرمانہ جنگ میں بیشمار یمنی شہری شہید اور زخمی ہوگئے ہیں جن میں بچوں اور عورتوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔ مغربی ممالک نے سعودی عرب کو مہلک ہتھیار فراہم کرکے یمنی عوام کے قتل عام میں برابر کا حصہ ادا کیا ہے۔ انسانی حقوق کے دعویدار یمن میں ہونے والے جنگی جرائم پر خاموش تماشائي بنے ہوئے ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک نے حالیہ سات برسوں میں یمن کے نہتے عرب مسلمانوں کا دل کھول کر خون بہایا ہے، بچوں، عورتوں اور مردوں کا قتل عام کیا ہے ۔ یمن کے بنیادی ڈھانچوں ، اسکولوں، اسپتالوں، مسجدوں اور دیگر اہم مراکز کو ویران اور تباہ و برباد کردیا ہے۔ عالمی اداروں نے یمن جنگ کو بند کرانے میں اپنی ذمہ داریوں پر عمل نہیں کیا۔ ایران یمن میں جنگ بندی کی کسی بھی ایسی کوشش کی حمایت کرتا ہے جو انصاف اور عملی جنگ بندی پر مبنی ہو۔