مقبوضہ مغربی کنارہ:7 اکتوبرکے بعد سے صیہونی حکومت نے7ہزار سے زائد فلسطینیوں کوگرفتارکرلیا
غزہ میں بمباری کے ساتھ مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی صیہونی فورسز کی جارحیت جاری ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق فلسطینی اسیران اتھارٹی کا کہنا ہےکہ مقبوضہ مغربی کنارے میں صیہونی فورسز کا فلسطینیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
اسیران اتھارٹی کے مطابق صیہونی فورسز نے مزید 15 فلسطینی گرفتار کرلیے، مقبوضہ مغربی کنارے میں7 اکتوبر سے اب تک 7 ہزار 225 فلسطینیوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔
اسیران اتھارٹی کا کہنا ہےکہ گرفتار فلسطینیوں میں بچے اور صیہونی حکومت حماس ڈیل کے تحت رہا قیدی بھی شامل ہیں۔
دوسری جانب غزہ میں صیہونی فوج کی جانب سے بےگھر فلسطینیوں کے خیموں پر ممنوعہ سفید فاسفورس کے گولوں کی بمباری جاری ہے۔
امداد کے منتظر فلسطینیوں پر گولہ باری سےکل سے اب تک مزید 100 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوگئے۔
ادھر عالمی عدالت انصاف میں فلسطینی سرزمین پر صیہونی حکومت کے 57 سالہ قبضے کے خلاف سماعت میں عرب لیگ نے صیہونی قبضے کو بین الاقوامی انصاف کی توہین قرار دیا۔
عرب لیگ نمائندوں کا کہنا تھا کہ فلسطینی سرزمین پر قبضےکا کوئی قانونی و اخلاقی جواز نہیں، جنگل کا قانون خطے میں امن نہیں لاسکتا، صیہونی قبضےکا خاتمہ ہی امن کا ضامن ہے، صیہونی حکومت فلسطینیوں کے خلاف نسلی تسلط کا ارتکاب کر رہا ہے۔