عالمی عدالت کا فیصلہ بھی بے سود، غزہ پر صیہونی حملوں میں مزید 185 فلسطینی شہید

0 204

غزہ میں نسل کشی روکنے کے عالمی عدالت انصاف کے حکم کے باوجود صیہونی حملوں میں کمی کے بجائے مزید تیزی آگئی ہے، غزہ کے رہائشی علاقوں اور طبی مراکز پر بمباری کر کے ایک روز میں مزید 185 سے زائد فلسطینی شہید کر دیے گئے۔

صیہونی فوج نے گزشتہ چھ روز سے خان یونس کے الامل اسپتال کا محاصرہ کیا ہوا ہے اور الناصر اسپتال کے سربراہ آرتھوپیڈک سرجری ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر بسام کو اغوا کرلیا ہے۔

دوسری جانب غزہ میں تیز بارش کے بعد سردی میں اضافہ سے بھی جنگ سے تباہ حال فلسطینیوں کی مشکلات بڑھ گئیں ہیں۔

ادھر صیہونی حکومت کی جانب سے اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی یو این آر ڈبلیو اے کے کارکنوں پر صیہونی حکومت پر حملوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے جس کے بعد امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا نے یو این آر ڈبلیو اے کی فنڈنگ روکنے کا اعلان کر دیا جبکہ آئرلینڈ اور ناروے نے فنڈنگ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے اب تک صیہونی حملوں میں شہید فلسطینیوں کے تعداد 26 ہزار 453 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 64 ہزار 487 سے زائد افراد زخمی ہو چکے ہیں، صیہونی حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والے فلسطینیوں میں نصف سے زائد تعداد صرف بچوں اور خواتین پر مشتمل ہے جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.