اسرائیلی فورسز کی ریاستی دہشتگردی کے نتیجے میں 2 فلسطینی شہید
زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے، فلسطینی وزارت صحت
اسرائیلی فوجیوں نے مغربی کنارے (West Bank) کے شہر نابلس کی مضافاتی بستی ال یاسمینہ ( al-Yasmina ) میں ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب محاصرہ کرکے گھر گھر تلاشی لینا شروع کردی۔ اس دوران فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
فلسطینی وزارت صحت نے واقعے میں 2 افراد کے شہید جب کہ 6 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔
جام شہادت نوش کرنے والوں کی شناخت 25 سالہ محمد عزیزی اور 28 سالہ عبدالرحمان کے نام سے ہوئی ہے۔ عزیزی کو سینے جب کہ عبدالرحمان کو سر میں گولی ماری گئی ہے۔
طبی حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک ہے۔
دوسری جانب اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نابلس میں مشکوک افراد کے خلاف کارروائی کے دوران ان پر فائرنگ ہوئی، جس کے جواب میں واقعہ پیش آیا۔
مقامی میڈیا کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران اسرائیلی فورسز نے ناصرف غزہ بلکہ فلسطینی اتھارٹی کے زیر کنٹرول علاقوں میں بھی ظلم و بربریت کا بازار مزید گرم کردیا ہے۔
رواں برس مارچ سے اب تک اسرائیلی کارروائیوں کے نتیجے میں مزید 52 افراد شہید ہوچکے ہیں۔ جام شہادت نوش کرنے والوں میں بین الاقوامی میڈیا گروپس کے لئے خدمات سرانجام دینے والی خاتون صحافی صحافی شیرین ابو عاقلہ بھی شامل ہیں۔