میکسیکو میں کسانوں نے بھتہ مانگنے والے مافیا لیڈر سمیت گینگ کے 10 ارکان کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔
میکسیکو کی مقامی عدالت نے گینگ اراکین کے قتل کے الزام کا سامنا کرنے والے کسانوں کو سیلف ڈیفنس کے قانون کے تحت بری کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق میکسیکو کے مقامی پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ مقامی افراد طویل عرصے سے ’فامیلیا میکوکنا‘ نامی گینگ کے نشانے پر تھے اور وہ علاقے میں دکانداروں کے علاوہ کسانوں سے بھی ان کی فصلوں کے فی اسکوائر میٹر کے حساب سے بھتہ وصول کرتے تھے۔
پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ کسانوں نے رواں برس فصلوں کی پیداوار کم ہونے پر گینگ کے سربراہ کو بھتہ معاف کرنے کی درخواست کی تھی جس پر گینگ کے سربراہ نے واقعے کے روز تمام کسانوں کو فٹبال اسٹیڈیم میں طلب کیا تھا۔
پراسیکیوٹر کے مطابق میٹنگ میں کسانوں اور گینگ سربراہ میں اتفاق نہ ہونے پر گینگ سربراہ مشتعل ہو گیا جس کے بعد دونوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ شروع کردی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ کسانوں نے میٹنگ کے آخری لمحے میں گینگ سے ہمیشہ کیلئے پیچھا چھڑانے کیلئے دوبدو لڑنے کا فیصلہ کیا اور مل کر سربراہ سمیت گینگ کے 10 ارکان کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا۔
واقعے میں 4 کسان بھی ہلاک ہوئے جبکہ 7 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔