صیہونی حکومت اور حماس جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کیلئے تیار ہیں: مصری حکام کا دعویٰ

0 157

مصری حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ صیہونی حکومت اور حماس دونوں ہی جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کیلئے تیار ہیں۔

مصری حکام کا کہنا ہے صیہونی حکومت اور حماس جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کیلئے تیار ہیں تاہم دونوں فریقین کا معاہدے کی تفصیلات پر اختلاف باقی ہے۔

خبرایجنسی کے مطابق حماس کی جانب سے رہا کیے جانے والے یرغمالیوں کی فہرست یکطرفہ طور پر تیار کرنے اور صیہونی فوج سے پہلے کی متعین کردہ حدوں میں پیچھے ہٹنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب صیہونی حکومت نے جنگ بندی کا وقت اور دورانیہ طے کرنے کے ساتھ رہا کیے جانے والے یرغمالیوں کی فہرست دیکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ قطر اور مصر کی غزہ میں نئی جنگ بندی کے معاہدے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق حماس اور صیہونی حکومت کے درمیان جاری لڑائی میں جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کیلئے ہونے والے مذاکرات کے سلسلے میں صیہونی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ کی قطر کے وزیراعظم محمد بن عبدالرحمان سے ملاقات ہوئی، یرغمالیوں کی رہائی پر بات چیت مثبت رہی۔

صیہونی وزیراعظم نے گزشتہ رات مذاکرات ہونے کا اشارہ دیا اور آج غزہ میں جنگ جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔

دوسری طرف حماس نے بھی غزہ میں صیہونی حکومت کے حملے ہمیشہ کیلئے رُکنے تک کسی قسم کے مذاکرات اور یرغمالیوں کی رہائی کا امکان مسترد کر دیا ہے۔

حماس کے مطابق انہوں نے بات چیت کی کوششوں میں شامل تمام ثالثوں تک اپنا پیغام پہنچا دیا ہے۔

ادھر امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن کل صیہونی حکومت کا دورہ کر رہے ہیں، امریکی دفاعی حکام کے مطابق لائیڈ آسٹن غزہ میں جنگ کی مدت کا تعین کرنے کیلئے صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالیں گے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.