دونوں ممالک کے امن کیلئےمسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے ، نگراں وزیراعظم

0 53

نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کیوجہ سے بہت زیادہ نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کی بحالی کیلیے ہمیں 13 ارب ڈالرز کی ضرورت ہے۔

پاکستان تمام ممالک سے اچھے تعلقات کا خواہش مند ہے تاہم پاکستان اوربھارت کے درمیان امن کیلیے مسئلہ کشمیر کا حل ہونا ضروری ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم نے کہا کہ دنیا سرد جنگ کی متحمل نہیں ہوسکتی کیونکہ ہمارے سروں پر موسمیاتی تبدیلیوں کی آفت کھڑی ہوئی ہے۔

پاکستان وہ ملک ہے جسے سب سے زیادہ موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات کا سامنا ہے۔ سیلاب کی وجہ سے ہمارے 1700 شہری جاں بحق جبکہ ہزاروں گھر تباہ اور ہزاروں ایکڑ اراضی مکمل تباہ ہوئی۔

پاکستان بھارت سمیت تمام پڑوسی ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتا ہے، بھارت کے ساتھ امن کیلیے مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا ضروری ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ افغانستان میں انسانی امداد کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے، افغانستان میں امن پاکستان کیلیے انتہائی ضروری ہے، کالعدم ٹی ٹی پی اور دہشت گرد تنظیمیں افغان سرزمین سے پاکستان پر حملے کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سرحد پار حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے اور خواہش رکھتا ہے کہ کابل حکومت اس مسئلے میں اپنا اہم کردار ادا کرے۔

نگراں وزیر اعظم نے کہا کہ ’اسلامو فوبیا کے حوالے سے اقوام متحدہ نے قرارداد منظور کی ہے اور اب اُس پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت ہے، اسلامو فوبیا کے حوالے سے اقوام متحدہ ایک ایلچی منتخب کرے جو تمام ممالک کا دورہ کرے اور اسلامو فوبیا میں ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.