اسرائیل کا دہائیوں بعد پھر بڑی تعداد میں فلسطینیوں کی بے دخلی کا حکم
اسرائیلی انسانی حقوق کے گروپوں اور مسافر یطا کے رہائشیوں نے اسرائیلی عدالت کے فیصلے کی سخت مذمت کی ہے جس میں اسرائیلی فورسز کو جنوبی مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے مسافر یطا میں فلسطینیوں کو زبردستی بے دخل کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔
اسرائیل کی ہائی کورٹ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں مسافر یطا کے علاقے میں رہ رہے 1000 سے زائد فلسطینیوں کو بےدخل کرنے کا حکم جاری کردیا ہے۔الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی انسانی حقوق کے گروپوں اور مسافر یطا کے رہائشیوں نے اسرائیلی عدالت کے فیصلے کی سخت مذمت کی ہے جس میں اسرائیلی فورسز کو جنوبی مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے مسافر یطا میں فلسطینیوں کو زبردستی بے دخل کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ اسرائیل کے انسانی حقوق کے گروپ B’Tselem نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس بےدخلی کو روکے جو کئی دہائیوں میں فلسطینیوں کی اتنی بڑی تعداد میں بےدخلی ہے۔
اسرائیلی انسانی حقوق کے گروپ کی طرف سے یہ کال اسرائیلی ہائی کورٹ کے 1000 سے زائد فلسطینیوں کی بےدخلی کے خلاف درخواست مسترد کیے جانے کے بعد سامنے آئی ہے۔ گروپ نے ایک بیان میں کہا کہ اس فیصلے نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ مقبوض کبھی قابض کی عدالت سے انصاف کی توقع نہیں رکھ سکتا۔