ایران کیساتھ جوہری معاہدے کا عدم حصول بعید نہیں، واشنگٹن
خبرنگاروں کیساتھ گفتگو میں اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نے ویانا مذاکرات کے حوالے سے شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے عدم توافق کے امکان کا اعلان کیا ہے
ایرانی جوہری معاہدے (JCPOA) کی بحالی کے لئے ویانا میں جاری 1+4 مذاکرات کے حوالے سے امریکی حکام کے مایوسانہ بیانات کا سلسلہ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں امریکہ کی مستقل نمائندہ لنڈا تھامس گرینفیلڈ نے اعلان کیا ہے کہ یہ بات عین ممکن ہے کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات کسی معاہدے تک نہ پہنچ پائیں۔ لنڈا تھامس گرینفیلڈ کا کہنا تھا کہ ایرانی جوہری معاہدے کی بحالی کے حوالے سے جاری مذاکرات میں عدم توافق کا امکان موجود ہے۔
واضح رہے کہ ایرانی جوہری معاہدے کی بحالی کے لئے ویانا میں جاری مذاکرات کئی ہفتوں سے وقفے کا شکار ہیں جبکہ جاری مذاکرات کی پوری مدت کے دوران امریکہ کی جانب سے کسی بھی قسم کی نئی پیشکش دیئے جانے کے بجائے دوسرے فریقوں پر مذاکراتی عمل میں روڑے اٹکانے کے الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں۔