جاپانی شخص نے والد کے انتقال کے بعد ان کی آخری رسومات کے اخراجات سے بچنے کیلئے لاش الماری میں چھپائی رکھی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جاپان میں ایک شخص نے 2023 میں انتقال کرنے والے 86 سالہ والد کی لاش کو 2 سال سے زائد عرصے تک الماری میں چھپا کر رکھا تاکہ وہ آخری رسومات کے اخراجات سے بچ سکے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ 56 سالہ نوبوہیکو سوزوکی، جو ٹوکیو میں ایک ریسٹورنٹ کا مالک ہے ،مبینہ طور پر اپنے والد کی وفات کے بعد لاش چھپانے کے بعد بھی ان کی پنشن وصول کرتا رہا۔
گزشتہ دنوں یہ عجیب و غریب واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب سوزوکی نے ایک ہفتے تک اپنا ریسٹورنٹ نہیں کھولا، جس پر پڑوسیوں کو تشویش ہوئی اور انہوں نے پولیس کو اطلاع دی۔
پولیس جب اس کے گھر پہنچی تو تلاشی کے دوران سوزوکی کے والد کی باقیات ایک الماری سے برآمد ہوئیں۔
سوزوکی کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے جس کے بعد اس نے پولیس کو بتایا کہ 2023 کے اوائل میں ایک دن گھر واپس آنے پر والد مردہ حالت میں ملے تھے، مالی مشکلات کی وجہ سے ان کی لاش چھپائی، آخری رسومات کا خرچہ اٹھا نہیں سکتا تھا۔
پولیس حکام کے مطابق، سوزوکی پر لاش چھپانے اور ممکنہ طور پر دھوکہ دہی کے الزامات کے تحت قانونی کارروائی جاری ہے۔