پاکستان کی فضائی حدود کی اچانک بندش سے بھارتی ائیر لائنز کو ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے۔
پاکستانی فضائی حدود کی اچانک بندش سے بھارتی ائیرلائنز کی بیشتر پروازوں کو ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، طویل دورانیہ کی پروازیں مختلف ملکوں کے متبادل ائیرپورٹس پر اتارنا پڑیں جبکہ کئی کو رخ موڑنا پڑا۔
پاکستانی وقت کے مطابق جمعرات کو لگ بھگ شام 6 بجے بھارتی طیاروں کیلئے پاکستان کی فضائی حدود بند کی گئی تو شارجہ سے انڈیگو ائیر کی پرواز 6 ای 1428 ایران میں تربت کے قریب پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے والی تھی مگر نوٹم جاری ہونے کے بعد پرواز کا رخ موڑ دیا گیا۔
طیارہ خلیج آف عمان کے اوپر سے گزر کر اضافی فیول کیلئے احمد اباد ائیرپورٹ پر اترا۔
اس کے علاوہ ٹورنٹو سے ائیر انڈیا کی پرواز اے آئی 190 کو بھی ری فیولنگ اور عملے کے ریسٹ کیلئے کوپن ہیگن اتار لیا گیا۔
پیرس سے ائیر انڈیا کی نئی دہلی کی پرواز اے آئی 148 کو ری فیولنگ کے لیے ابوظہبی اتارا گیا جبکہ لندن سے ائیر انڈیا کی پرواز اے آئی 162 کو بھی ابوظہبی ائیرپورٹ لینڈ کرایا گیا۔
یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 بھارتی سیاحوں کے قتل کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ بڑھ گیا ہے۔
بھارتی اقدامات کے بعد پاکستان نے بھارتی ملکیت یابھارتی آپریٹرز کی تمام پروازوں کے لیے پاکستانی فضائی حدود فوری طور پربندکردی ہے۔
پاکستان نے بھارتی پروازوں کے لیے فضائی حدود ایک ماہ کے لیے بندکی ہیں۔ پاکستانی فضائی حدودکی بندش کا نوٹم 23 مئی کی رات 12 بجے تک مؤثر ہوگا۔