امریکی سیکرٹری دفاع پیٹ ہیگستھ نے 15 مارچ کو یمن میں حوثی اہداف پر متوقع فضائی حملوں کی حساس معلومات ایک نجی سگنل گروپ میں شیئر کیں۔
اس بات کا انکشاف امریکی اخبار نیویارک ٹائمز نے چار باخبر ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کیا ہے، اخبار کے مطابق اس سگنل گروپ میں پیٹ ہیگسیتھ کی اہلیہ، بھائی اور ذاتی وکیل بھی شامل تھے۔
امریکی اخبارکے مطابق سیکرٹری دفاع کی جانب سے سگنل گروپ میں شیئر کی گئی تفصیلات میں حملے کے لیے امریکی لڑاکا طیاروں کی پروازوں کے اوقات بھی شامل تھے۔
خیال رہے کہ یہ وہی معلومات تھیں جو پیٹ ہیگستھ نے اسی روز ایک علیحدہ سگنل چیٹ میں بھی شیئر کی تھیں جس میں غلطی سے دی اٹلانٹک میگزین کے ایڈیٹر کو بھی شامل کر لیا گیا تھا۔
امریکی اخبار کے مطابق پیٹ ہیگستھ کی اہلیہ جینیفر فاکس نیوز کی سابق پروڈیوسر ہیں اور محکمہ دفاع کی ملازم نہیں ہیں مگر وہ اپنے شوہر کے ہمراہ غیر ملکی دوروں پر جا چکی ہیں اور کئی حساس ملاقاتوں میں ان کی موجودگی پر پہلے ہی تنقید کی جاتی رہی ہے۔
اخبار کے مطابق ہیگستھ کے بھائی فِل اور ان کے وکیل ٹم پرلاتور دونوں پینٹاگون میں ملازمت کرتے ہیں لیکن ذرائع کے مطابق یہ واضح نہیں ہے کہ انہیں یمن پر حملوں کی پیشگی تفصیلات جاننے کی ضرورت کیوں پیش آئی۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق یہ سگنل گروپ خود پیٹ ہیگستھ نے جنوری میں اپنی بطور سیکرٹری دفاع توثیق سے پہلے بنایا تھا، اس گروپ میں ان کے ذاتی اور پیشہ وارانہ حلقے کے افراد شامل تھے اور وہ اس گروپ کو سرکاری فون کے بجائے ذاتی موبائل پر استعمال کررہے تھے۔
اس نئے سگنل گروپ کے حوالے سے خبر سامنے آنے کے بعد وائٹ ہاؤس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سگنل گروپ پر کوئی خفیہ معلومات شیئر نہیں کی گئی اور امریکی صدر ٹرمپ سیکرٹری دفاع کے ساتھ ہیں۔