ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں پر ریپبلکنز عوامی عتاب کا شکار

0 7

ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں پر ریپبلکنز کو اب اپنے ہی ووٹرز کے عتاب کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، جارجیا سے مںتخب رکن کانگریس مارجوری ٹیلر کے ڈونلڈ ٹرمپ کا دفاع کرنے پر ارکان کی مداخلت ، اجلاس ہنگامہ کی نذر ہوگیا، تین افراد گرفتار پولیس کو اسٹین گن کا استعمال کرنا پڑا۔

منگل کے روز امریکی کانگریس کی رکن مارجوری ٹیلر گرین کی جانب سے جارجیا کے شہر اکورتھ میں منعقدہ ٹاؤن ہال میٹنگ اس وقت کشیدگی کا شکار ہوگئی جب مظاہرین نے بار بار ان کی تقریر میں خلل ڈالا۔ پولیس نے دو افراد پر اسٹن گن کا استعمال کیا جبکہ مجموعی طور پر تین افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

نیو یارک ٹائمز کے مطابق اینڈریو رسل نیلمز نامی شخص نے گرین کے بولنا شروع کرتے ہی نعرے بازی اور بوئنگ شروع کر دی، جس پر پولیس اہلکاروں نے اسے زبردستی باہر نکالا اور اس دوران اس پر اسٹن گن کا استعمال بھی کیا گیا۔

مارجوری ٹیلر گرین نے مظاہرین کے باہر نکالے جانے کے دوران بار بار ”الوداع!“ کہہ کر ان کا مذاق اُڑایا۔

گرین نے حسب روایت سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پُرجوش دفاع کیا اور ان کے مجوزہ ٹیکس میں کمی اور وفاقی حکومت کے حجم کو کم کرنے کے منصوبوں کو سراہا۔ اس دوران جب ایک مظاہرین نے ٹرمپ انتظامیہ کی غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف سخت پالیسیوں کی حمایت پر گرین کو للکارا اور نعرہ لگایا، ”کے کے کے (KKK) کا کیا ہوگا؟“ تو پولیس نے اسے بھی ہال سے نکال دیا۔

واضح رہے کہ یہ ٹاؤن ہال گرین کے ریپبلکن حلقے کے نسبتاً لبرل علاقے میں منعقد کی گئی تھی۔ جرنل-کنسٹیٹیوشن کی رپورٹ کے مطابق، اسی وجہ سے مظاہرین کی تعداد بھی زیادہ تھی۔

ایونٹ کے دوران صحافیوں کو عوام سے بات چیت کی اجازت نہیں دی گئی، اور مارجوری ٹیلر گرین نے براہِ راست سوالات لینے کے بجائے پہلے سے منتخب سوالات کے جوابات دیے۔

اس واقعے کے بعد ایوان نمائندگان کے اسپیکر مائیک جانسن نے ریپبلکن اراکین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ عوامی ٹاؤن ہال اجلاسوں سے اجتناب کریں، کیونکہ حالیہ دنوں میں ایسے کئی اجلاسوں میں شدید تنقید اور احتجاج دیکھنے میں آیا ہے۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.