ٹرمپ انتظامیہ نے ہارورڈ یونیورسٹی کا ٹیکس استثنیٰ ختم کرنے کا حکم دیدیا

0 7

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ہارورڈ یونیورسٹی کا ٹیکس استثنیٰ ختم کرنے کا حکم دے دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ نے انٹرنل ریونیو سروس( آئی آر ایس) کو ہارورڈ یونیورسٹی کا ٹیکس استثنیٰ ختم کرنے کا حکم دیا۔

صدر ٹرمپ پہلے ہی ہارورڈ یونیورسٹی کی 2 ارب ڈالر سے زائد وفاقی گرانٹ منجمد کرچکے ہیں۔

وائٹ ہاؤس نے مطالبہ کیا تھا کہ کیمپس میں یہود دشمنی روکنے کے لیے ہارورڈ یونیورسٹی ملازمتیں دینے، داخلوں اور تدریس کے عمل میں تبدیلیاں لائے۔

تاہم یونیورسٹی نے یہ کہہ کر ٹرمپ انتظامیہ کا مطالبہ مسترد کر دیا تھا کہ وائٹ ہاؤس ہارورڈ یونیورسٹی پر کنٹرول کی کوشش کر رہا ہے۔

جس کے بعد ٹرمپ انتظامیہ نے ہارورڈ یونیورسٹی کے ٹیکس استثنیٰ کے حوالے سے سخت اقدام کیا ہے۔

امریکا میں ٹیکس استثنیٰ کا درجہ خیراتی، مذہبی ، تعلیم تنظیموں اور سول ویلفیر گروپس کو حاصل ہے تاہم ان پربعض سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہ لینے سے متعلق قوانین پر عمل بھی لازم ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے شواہد نہیں کہ ہارورڈ یونیورسٹی نے ان قوانین کی خلاف ورزی کی ہو اور آئی آر ایس کو اس معاملے میں غیر جانبدار رہنا ہوگا۔

تاہم امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ پہلے ہی آئی آر ایس میں اہم عہدوں پر تعینات کئی اہلکاروں کو ہٹا کر سیاسی تقرریاں کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہارورڈ یونیورسٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ادارہ وفاقی فنڈنگ کا مستحق نہیں رہا۔

ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھا کہ ہارورڈ کا اب کسی معیاری تعلیمی ادارے کے طور پر شمار نہیں ہوسکتا اور اسے دنیا کی عظیم یونیورسٹیوں کی کسی فہرست میں شامل نہیں کرنا چاہیے۔ ہارورڈ ایک مذاق ہے جو نفرت اور حماقت سکھاتی ہے اور اسے مزید وفاقی فنڈز نہیں ملنے چاہئیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.