افریقا کے سب سے پرانے نیشنل پارک میں خطرناک بیماری کی وجہ سے 50 دریائی گھوڑے ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ ہلاکتیں وسطی افریقی ملک کانگو کے ویرنگا نیشنل پارک سے سامنے آئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ Ishasha River میں 50 دریائی گھوڑے مردہ پائے گئے جبکہ کچھ بھینسیں بھی مردہ حالت میں پائی گئیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جانوروں کی ہلاکت کی درست وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ جانور اینتھراکس نامی بیماری سے مرے ہیں، یہ ایک خطرناک بیکٹیریا ہے جو مٹی میں پایا جاتا ہے۔
اسی حوالے سے پارک کے ڈائریکٹر کی جانب سے بتایا گیا کہ جانوروں کو پانی سے نکال کر دفن کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں، جس کیلئے وسائل کی کمی کا سامانا ہے۔
کانگولیس انسٹیٹیوٹ فار نیچر کنزرویشن نے رہائشیوں کو متنبہ کیا کہ وہ علاقے میں جنگلی حیات کے پاس جانے سے گریز کریں اور پینے سے پہلے پانی کو ابال کر استعمال کریں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ویرونگا گہرے جنگلات، گلیشیئرز اور آتش فشاں کا ایک وسیع و عریض علاقہ ہے، جس میں پرندوں، رینگنے والے جانوروں اور ممالیہ کی دنیا کے کسی بھی دوسرے محفوظ علاقے سے زیادہ اقسام پائی جاتی ہیں۔