ممبئی سے پرواز کرنے والی انڈیگو فلائیٹ کو مہاراشٹر کے چکلتھانہ ایئرپورٹ پر اس وقت ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑگئی جب دوران پرواز ایک بزرگ خاتون ہلاک ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ طیارہ وارانسی جا رہا تھا جب اس کی مہاراشٹر میں ہنگامی لینڈنگ ہوئی۔
مسافر خاتون کی شناخت مرزا پور سے تعلق رکھنے والی 89 سالہ سشیلا دیوی کے طور پر ہوئی جن کی مبینہ طور پر 6 اپریل کو ممبئی سے اُڑنے والی پرواز 6E-5028 کے اڑان بھرنے کے فوراً بعد طبیعت خراب ہونے لگی تھی۔
خاتون کی حالت بگڑنے پر پرواز کے عملے نے طبی ایمرجنسی کا اعلان کیا اور قریبی ایئرپورٹ پر فوری لینڈنگ کی درخواست کی۔
متعدد اطلاعات کے مطابق طیارہ مقامی وقت کے مطابق رات 10:00 بجے کے قریب چھترپتی سمبھاجی نگر میں اترا جہاں ایک ہنگامی رسپانس ٹیم اور طبی عملہ لینڈنگ کے بعد فوراً متاثرہ خاتون کی مدد کے لیے پہنچا۔
تاہم فوری طبی امداد کے باوجود خاتون کو جانبر نہ کیا جاسکا اور انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔
انڈیگو نے بھی اپنے بیان میں اس واقعہ کی تصدیق کی جس میں کہا گیا کہ ممبئی سے وارانسی جانے والی پرواز 6E-5028 کو طبی ایمرجنسی کے نتیجے میں چھترپتی سمبھاجی نگر کی طرف موڑ دیا گیا تھا۔
لیکن فوری طبی امداد کے باوجود، مسافر کی حالت بہتر نہیں ہوئی اور اسے جہاز میں مردہ قرار دے دیا گیا۔