بھارت میں سرکاری بحالی مرکز سے مضر صحت کھانا کھا کر 4 معذور بچے ہلاک ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اترپردیش میں قائم سرکار کے تحت چلنے والے معذور بچوں کے بحالی مرکز سے مضر صحت کھانا کھا کر درجن سے زائد بچے بیمار ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بحالی مرکز میں ذہنی معذور بچوں کا علاج کیا جاتا ہے جہاں 20 سے زائد بچے زیر علاج تھے، بچوں نے رات کا کھانا کھایا جس کے بعد ان کی حالت بگڑنا شروع ہوگئی جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کھانا کھانے سے 4 بچوں کی موت واقع ہوگئی جن میں 2 لڑکے اور 2 لڑکیاں شامل ہیں اور ان کی عمریں 12 سے 17 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مرنے والے بچوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کیلئے اسپتال بھیج دی گئی ہیں جبکہ تفتیش کیلئے کھانے کے نمونے بھی حاصل کر لیے گئے ہیں۔
ڈاکٹرز کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ 20 بچوں میں سے 4 انتقال کرگئے ہیں جبکہ اسپتال میں داخل 16 بچوں کی حالت میں بہتری آرہی ہے۔