دو روز قبل شمالی سمندر میں دو بحری جہازوں کے درمیان ہونے والے حادثے کے بعد کارگو شپ کے کپتان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
پرتگالی پرچم بردار شپ "سولونگ” اور امریکی پرچم بردار آئل ٹینکر "اسٹینا امیکلیٹ” پیر کی صبح مشرقی یارکشائر کے ساحل کے قریب آپس میں ٹکرا گئے تھے۔
ہمبر سائیڈ پولیس نے بتایا کہ کارگو شپ کے 59 سالہ کپتان کو سنگین غفلت کی وجہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔
ٹرانسپورٹ سیکرٹری ہیڈی ایلکزانڈر نے کہا کہ ابھی تک کارگو شپ سے دھواں اٹھ رہا ہے مگر دونوں جہازوں کے فی الحال ڈوبنے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
جرمن کمپنی ایرنسٹ رس، جو سولونگ کی مالک ہے، نے برطانوی میڈیا کو تصدیق کی کہ گرفتار شخص سولونگ کا کپتان ہے۔ کمپنی نے کہا کہ وہ اور ان کے عملے کے دیگر ارکان تحقیقات میں مدد فراہم کر رہے ہیں۔
ٹرانسپورٹ وزیر مائیک کین نے کہا کہ سولونگ کے ایک عملے کا رکن لاپتہ ہے اور اسے مردہ سمجھا جا رہا ہے، جبکہ اس کی سمندر میں تلاش کی کارروائی پیر کی شام ختم ہو گئی تھی۔
برطانوی میڈیا کے مطابق، سولونگ کے عملے میں روسی اور فلپائنی شامل ہیں، جبکہ اسٹینا امیکلیٹ کے 23 عملے کے ارکان امریکی ہیں، جو گریمسبی میں موجود ہیں۔
پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہے اور وہ میری ٹائم اینڈ کوسٹ گارڈ ایجنسی کے ساتھ مل کر تحقیقات کر رہی ہے۔
ایچ ایم کوسٹ گارڈ نے تصدیق کی کہ 36 افراد کو بحفاظت کنارے تک پہنچایا گیا ہے۔