کھٹمنڈو: نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو اور گرد و نواح میں 6.1 شدت کا زلزلہ محسوس کیا گیا۔ نیشنل ارتھ کوئیک مانیٹرنگ اینڈ ریسرچ سینٹر کے مطابق زلزلے کا مرکز سندھپالچوک ضلع کے علاقے بھیراب کنڈا میں تھا، جو ہمالیائی پہاڑی سلسلے کے قریب واقع ہے۔
جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز نے زلزلے کی شدت 5.6 جبکہ امریکی جیولوجیکل سروے نے 5.5 ریکارڈ کی، اور اس کی گہرائی 10 کلومیٹر بتائی گئی۔
ضلعی حکام کے مطابق زلزلے سے کسی بڑے نقصان یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ بھوٹے کوشی رورل میونسپلٹی کے چیئرمین پاسانگ نورپو شیراپا نے بتایا کہ زلزلے کے باعث دریائے بھوٹے کوشی کے قریب ایک لینڈ سلائیڈ ہوئی، تاہم وہاں کوئی آبادی نہیں تھی، جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ضلع سندھپالچوک کے گورنر کرن تھاپا کے مطابق ایک قیدی زلزلے کے دوران بھاگنے کی کوشش میں ہاتھ توڑ بیٹھا، جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ کوڈاری میں ایک پولیس پوسٹ کی عمارت میں معمولی دراڑیں پڑی ہیں۔
علاقے کے ایک سینئر افسر گنیش نیپالی نے بتایا کہ زلزلے کے جھٹکے کافی شدید تھے، جس سے لوگ نیند سے جاگ کر گھروں سے باہر نکل آئے، تاہم کچھ دیر بعد حالات معمول پر آگئے۔