افریقی ملک مالی کے باغیوں نے فوج پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے شمالی سرحد پر روسی فوجی اہلکاروں کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں 24 شہریوں کو قتل کردیا ہے۔
خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مالی میں باغیوں نے فوج پر ملک کے شمالی علاقے سے پڑوسی ملک الجیریا جانے والے شہریوں کو نشانہ بنانے کا الزم عائد کیا ہے جبکہ فوج نے کہا کہ خطے میں باغیوں کے ساتھ جھڑپیں ہوئی ہیں۔
عزواد لبریشن فرنٹ (ایف ایل اے) نے بیان میں کہا کہ شہری دو گاڑیوں میں سوار تھے اور وہ پڑوسی ملک جا رہے تھے کہ اس پر حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ایک گاڑی پر آگ لگی اور دوسری گاڑی میں چند افراد زندہ بچ گئے۔
مقامی انسانی حقوق کی تنظیم کال اکل کے ترجمان نے بتایا کہ لواحقین اور زخمیوں کے اہل خانہ نے واقعے کی تصدیق کی ہے اور ایک شہری نے بتایا کہ حادثے کی شکار گاڑیوں میں سے ایک میں مہاجرین سوار تھے۔
ایف ایل اے نے کہا کہ مالی کی فوج او روسی ویگنر جنگجووں نے خطے میں اتوار کو بھی چار شہریوں کو قتل کردیا تھا۔
دوسری جانب مالی کی فوج کے ترجمان نے فوری ردعمل نہیں دیا مگر گزشتہ روز ایک بیان میں کہا تھا کہ اس خطے میں بدترین جھڑپیں جاری ہیں اور مسلح افواج نے ڈرون کا استعمال کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ایک گروپ کو نشانہ بنایا ہے۔
خیال رہے کہ مالی میں فوجی حکومت قائم ہے جہاں ایک دہائی سے زائد عرصے سے داعش اور القاعدہ سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں کی کارروائیاں جاری ہیں اور اسی طرح ملک کو شمال میں توریگ باغیوں کا سامنا ہے۔