واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگلے چار سال آرام نہیں کروں گا، امریکا کو عظیم بناؤں گا۔
ایک خطاب کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ تارکین وطن کو امریکا کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، امیگریشن حکام اب غیرقانونی تارکین وطن کو گرفتار کر رہے ہیں، جوبائیڈن نے سرحدیں کھولیں جس سے جرائم پیشہ افراد امریکا میں داخل ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم کیوں جیتے؟ کیونکہ گزشتہ چار سال بدترین تھے، 20 جنوری 2025 امریکیوں کیلئے یوم آزادی تھا، امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا میں اب دوبارہ میرٹ کا نظام ہوگا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اقتدار میں آنے کے بعد سے غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں، نئی انتظامیہ کے حلف اٹھانے کے بعد سے اب تک ایک بڑے آپریشن میں سیکڑوں غیر قانونی تارکین وطن کو گرفتار اور ملک بدر کیا جا چکا ہے۔
اس کے علاوہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دوبارہ عالمی ادارہ صحت میں شمولیت پر بھی غور شروع کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کو ایک کھرب ڈالر کی سرمایہ کاری کا کہیں گے، پیسہ ان کیلئے کوئی معنی نہیں رکھتا، سعودیہ نے پیسہ کہاں سے کمایا؟ سعودی عرب کے پاس بہت زیادہ مائع سونا ہے، ہم صرف ماحول کی وجہ سے اسے استعمال نہیں کرتے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل امریکی صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے عالمی ادارہ صحت سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔