اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں مسلح شخص کی جانب سے چاقو حملے میں 4 افراد زخمی ہوگئے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق منگل کو تل ابیب میں چاقو سے کیے گئے حملے میں 4 افراد زخمی ہو گئے، جبکہ شہری کی فائرنگ سے حملہ آور مارا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ایک شخص نے مسلح ہو کرچھری سے ناہلات بنیامین اسٹریٹ پر 3 شہریوں اور گروز نبرگ اسٹریٹ پر ایک شہری کو چاقو مارا جبکہ شہری کی گولی سے حملہ آور بھی ہلاک ہوگیا۔
پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور زخمیوں کو اسپتال پہنچا دیاگیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حملہ آور کی شناخت ایک امریکی شہری کے طور پر ہوئی ہے جو مراکشی نژاد ہے اور چند روز قبل سیاح کے طور پر اسرائیل میں داخل ہوا تھا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق حماس نے واقعہ کی ذمہ داری قبول کیے بغیر ایک بیان میں اس حملے کو بہادرانہ کارروائی قرار دیا اور کہا کہ یہ اسرائیل کے خلاف مزاحمت کے بڑھنےکا ثبوت ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ گزشتہ 4 دن میں تل ابیب میں دوسرا چاقو حملہ تھا۔ اس سے پہلے ایک اور حملہ آور نے ہفتے کے روز ایک شخص کو شدید زخمی کر دیا تھا جسے ایک مسلح شہری نے گولی مار دی تھی۔