جنگ بندی ڈیل کے تحت حماس کی قید سے رہائی پانے والی اسرائیلی خواتین کی اہلخانہ سے ملاقات کی ویڈیو سامنے آگئی۔
گزشتہ روز اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدے کے تحت دونوں جانب سے قیدیوں کا تبادلہ ہوا، پہلے حماس کی جانب سے 3 اسرائیلی خواتین یرغمالیوں کو رہا کیا گیا جس کے جواب میں اسرائیل کی جانب سے 90 فلسطینیوں کو رہا کیا گیا۔
اسرائیل میں قیدیوں کے تبادلے کے مناظر بڑی اسکرینوں پر براہ راست دکھائے گئے جبکہ حماس کی جانب سے رہا کی گئی اسرائیلی خواتین کو تحفہ بھی دیا گیا جسے انہوں نے خوشی سے قبول کیا۔
ریڈ کراس کی ٹیم نے اسرائیلی خواتین کو اسرائیلی فوجی اہلکاروں کے حوالے کیا جہاں سے انہیں پہلے فوجی یونٹ اور پھر اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسرائیل نے حماس کی قید سے رہائی پانے والی خواتین کو فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کیا جہاں ان کی اہلخانہ سے ملاقات بھی کروائی گئی۔
اب اسرائیلی میڈیا سے حماس سے رہائی پانیوالی خواتین قیدیوں کی ملاقات کی ویڈیو بھی جاری کر دی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے جس میں قیدیوں کے اہلخانہ کو اپنے پیاروں سے گلے مل کر ملاقات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ غزہ پر 15 ماہ سے مسلط اسرائیلی جنگ میں ہزاروں بچوں اور خواتین سمیت 48 ہزار کے قریب فلسطینی شہید جبکہ ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں۔