حماس کی طرف سے رہا ہونیوالی اسرائیلی خواتین کو تحفے میں دیے گئے بیگ میں کیا خاص چیز تھی؟

0 7

غزہ میں 15 ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت کے خاتمے اور جنگ بندی کے آغاز ہوگیا، حماس نےمعاہدے کے تحت 3 اسرائیلی قیدیوں کو رہا کیا جبکہ اسرائیلی جیل سے 90 فلسطینی قیدیوں کو بھی رہا کر دیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتوار کو فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے جنگ بندی معاہدے کے تحت 3 اسرائیلی خواتین قیدیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیا۔

ریڈ کراس کی ٹیم نے اسرائیلی خواتین کو غزہ میں اسرائیل کے خصوصی فوجی یونٹ پہنچایا جہاں سے انہیں اسرائیلی فوجی اسپتال لے جایا جائےگا۔

بعد ازاں حماس سے رہائی پانے والی یرغمالی خواتین اسرائیل پہنچ گئیں۔

رہائی کے موقع پر حماس کی جانب سے تینوں اسرائیلی خواتین کو یادگاری تحفے میں ایک بیگ دیا گیا۔

حماس کی جانب سے جاری ویڈیو میں دیکھا گیا کہ اسرائیلی خواتین جیسے ہی رہائی پانے کے بعد گاڑی میں بیٹھیں تو حماس کے اہلکاروں کی جانب سے انہیں بظاہر بھورے رنگ کا ایک کاغذ کا بیگ دیا گیا۔

اسرائیلی خواتین نے مسکراتے ہوئے یہ تحفہ خوشی خوشی وصول کیا۔

رپورٹس کے مطابق اس بیگ میں حماس نے اسرائیلی خواتین کو تحفے میں گریجویشن کی سند، عربی زبان کے سرٹیفکیٹ، فلسطین کا نقشہ اور قید کے دوران کی ان کی تصاویر دیں ۔

حماس کی طرف سے رہا ہونیوالی اسرائیلی خواتین کو تحفے میں دیے گئے بیگ میں کیا خاص چیز تھی؟

واضح رہے کہ 6 ہفتوں کی جنگ بندی پر عمل درآمد 3 مراحل میں کیا جائے گا،مرحلہ وار سویلین قیدیوں کا تبادلہ اور جنگ کے خاتمے پر مذاکرات ہوں گے۔

دوسرے مرحلے میں اسرائیلی فورس کے قیدی حماس رہا کرے گی اور غزہ کے عوامی مقامات سے اسرائیلی فوج کا انخلا ہوگا۔تیسرے مرحلے میں اسرائیلی فورسز کا غزہ سے مکمل انخلا اور غزہ کی تعمیر نو پر کام کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ غزہ پر15 ماہ سے مسلط اسرائیلی جنگ میں فلسطینی محکمہ صحت کے مطابق ہزاروں بچوں اور خواتین سمیت 47 ہزار 899 فلسطینی شہید ہوئے جب کہ ایک لاکھ دس ہزار سے زائد فلسطینی زخمی اور ہزاروں لاپتا ہیں۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.