اسرائیل کے عوفر جیل میں ریڈ کراس کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کے تحت رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق رہا ہونے والے فلسطینی قیدیوں کو لے جانے کے لیے بسیں عوفر جیل میں پہنچا دی گئی ہیں جبکہ ریڈ کراس کی ٹیم بھی جیل پہنچ چکی ہے۔
اسرائیل کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کے تحت آج مختلف جیلوں سے رہا کیے جانے والے 90 فلسطینی قیدیوں کی فہرست جاری کی گئی ہے جن میں 69 خواتین اور 21 بچے شامل ہیں۔
اس سے قبل حماس کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کے تحت آج 3 اسرائیلی قیدیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیا گیا۔
ریڈ کراس کی ٹیم نے خواتین قیدیوں کو غزہ کی سرحد کے قریب موجود اسرائیلی فوج کے حوالے کیا جہاں سے انہیں غزہ سے باہر ایک فوجی مرکز میں منتقل کردیا گیا ہے، اسرائیلی فوج نے بھی خواتین کے رہا ہونے کی تصدیق کی ہے۔