شام میں عبوری عمل کے قائد احمد الشرع نے کہا کہ اسرائیل بفر زون میں پیش قدمی کے لئے حیلے بنا رہا ہے، اسے وہاں سے نکلنا ہو گا۔
عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق احمد الشرع نے باور کرایا کہ شام، اسرائیل کے ساتھ مشترکہ بفرزون میں اقوام متحدہ کی فوج کو خوش آمدید کہنے کے لئے تیار ہے، بفرزون میں اسرائیل کی پیش قدمی کا عذر یہ تھا کہ وہاں ایرانی ملیشیا اور حزب اللہ کا وجود ہے تاہم اب جبکہ دمشق آزاد ہو چکا ہے مذکورہ عناصر کا وہاں کوئی کردار نہیں ہے۔
اس سے قبل شام کے وزیر خارجہ اشعد الشیبانی نے باور کرایا کہ ان کا ملک کسی ریاست کے لیے خطرہ نہیں بنے گا جس میں اسرائیل شامل ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ اسرائیل کو شام کی سیکورٹی اور خود مختاری کا احترام کرنا ہو گا۔