اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی نے شام کا دورہ کیا اور نگران انتظامیہ کے سربراہ احمد الشرع سے ملاقات کی۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے سابق صدر بشا رالاسد کے دور حکومت میں کئے گئے جرائم پر انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے شام کے قومی مفاہمتی عمل پر زور دیا ہے۔
وولکر ترک نے احمد الشرع سے ملاقات کے بعد دارالحکومت دمشق میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں تمام شامیوں اور شامی معاشرے کے تمام طبقات کے لئے انسانی حقوق کے احترام کی اہمیت کا یقین دلایا گیا ہے۔
ہائی کمشنر نے اعتماد سازی اور سماجی ہم آہنگی اور اداروں کی اصلاح پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چیلنجز بہت زیادہ ہیں، انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ ملک کا بیشتر حصہ کھنڈرات کا منظر پیش کرتا ہے، انہوں نے کہا کہ آج 10 میں سے9 شامی شہری غربت کے شکنجے میں کسے ہوئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صحت کا نظام تباہی کے دہانے پر ہے اور بہت سے سکول بند ہیں، لاکھوں افراد اب بھی ملک کے اندر اور باہر بے گھر ہیں، خوراک، صحت، تعلیم اور رہائش کے حقوق بنیادی انسانی حقوق ہیں اور ان کی ضمانت کے لئے فوری، اجتماعی اور ٹھوس کوششیں ہونی چاہئیں۔
اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ نے شام پر عائد پابندیوں پر فوری نظر ثانی اور انہیں ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ شامی عوام کی زندگیوں پر ان کے اثرات پر غور کرنا اہم ہے۔
واضح رہے کہ وولکر ترک کا شام کا دورہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کسی بھی ہائی کمشنر کا پہلا دورہ ہے، انہوں نے سدنایا جیل کا دورہ بھی کیا، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے سربراہ نے کہا کہ شام کے لوگوں کو ایک ایسے ملک کی تعمیر نو کے لئے ہر ممکن مدد کی ضرورت ہے جو تمام شامیوں کے لیے کام کرتا ہو۔