جمائما گولڈ اسمتھ نےکہا ہےکہ بچوں سے زیادتی کسی ایک کمیونٹی یا مذہب کا مسئلہ نہیں، بچوں سے جنسی استحصال کے افسوس ناک واقعات تمام کمیونٹیز میں موجود ہیں۔
ایک بیان میں جمائما کا کہنا تھا کہ یہ واقعات تمام کمیونٹیز، نسلوں، عقائد اور سماجی و اقتصادی پس منظر رکھنے والوں میں موجود ہیں۔
جمائما کا کہنا تھا کہ انگلینڈ، ویلز کے چرچز میں 1970 تا 2015 بچوں سے جنسی زیادتی کے 3 ہزار واقعات پیش آئے، ان میں سے 936 مبینہ پیڈو فائلز تھے، 133 کو سزا ہوئی، 52 پادری معزول ہوئے.
جمائما کے مطابق 2016سے ہر سال 100 سے زائد جنسی زیادتی کے واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں، بورڈنگ اسکول بھی بچوں سے جنسی زیادتی سے محفوظ نہیں، بورڈنگ اسکولوں میں 18-2012 تک ہزاروں بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ 2012 میں 425 پیڈو فائلز سامنے آئے، صرف 160 پر فرد جرم عائد ہوئی۔
جمائما کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں1997 تا 2013 ایشیائی گرومنگ گینگز کے متاثرین کی تعداد 1400 ہے،79 ملزمان کو سزا ہوئی، جنسی زیادتی کے اصل متاثرین کی تعداد واضح نہیں، اکثر کیس رپورٹ ہی نہیں ہوئے، بچوں کی حفاظت اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی میں ناکامیاں بھی نظر آئیں۔