اسرائیلی جنگی طیاروں کا شام کی فضائی حدود میں حملہ ناکام
لبنان میں مقیم اقوام متحدہ کے امن دستوں نے بارہا رپورٹ دی ہے کہ صیہونی حکومت روزانہ کی بنیاد پر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتی ہے
شام کے ائیر ڈیفنس سسٹم نے دمشق کے نواحی علاقے میں صیہونی جنگی طیاروں کے میزائل حملے کا مقابلہ کیا ہے۔ فارس نیوز کے بین الاقوامی ڈیسک کے مطابق، شام کے سرکاری ذرائع نے خبر دی ہے کہ دمشق کی فضائی حدود میں شامی ایئر ڈیفنس سسٹم نے جارح دشمن کو اس کے مقاصد میں ناکام کر دیا ہے۔ بعض ذرائع کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ اسرائیل کے جنگی طیاروں کے حملے کا ہدف ”دمشق” کے نواح میں واقع دو علاقے "راس العین” اور "الدیماس” تھے۔ شامی حکومت کا بارہا کہا ہے کہ صیہونی حکومت اور اس کے علاقائی اور مغربی اتحادی اُن تکفیری دہشت گرد گروہوں کی حمایت کرتے ہیں، جو شامی حکومت کے خلاف برسرپیکار ہیں۔
شامی فوج نے کئی مرتبہ شام میں مقیم اِن دہشت گرد گروہوں سے اسرائیلی ساختہ اسلحہ اور گولہ بارود پکڑا ہے۔ اسرائیلی جنگی طیارے وقتاً فوقتاً لبنان کی فضائی حدود کو استعمال کرتے ہوئے یا مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں کے ذریعے مشرقی اور شمال مغربی شام میں مختلف اہداف پر میزائل حملے کرتے رہتے ہیں۔ لبنان میں مقیم اقوام متحدہ کے امن دستوں نے بارہا رپورٹ دی ہے کہ صیہونی حکومت روزانہ کی بنیاد پر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور لبنان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرتی ہے