عراق کے وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے اپنے دورہ ایران کے موقع پر شام میں غیر ملکی مداخلت کے خاتمے کے لئے ایک جامع سیاسی حل پر زور دیا۔
عراق کے وزیراعظم نے تہران میں ایرانی صدر مسعود پیزشکیان کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ شام کا استحکام پورے خطے کے استحکام کی کلید ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ہم شام میں غیرملکی مداخلت کے خاتمے کے لئے ایک جامع سیاسی حل کا مطالبہ کرتے ہیں۔
عراقی وزیراعظم نے کہا کہ ہم شام میں مکالمے کی حمایت کرتے ہیں اور پڑوسی ممالک کو دھمکیوں کی زبان کو مسترد کرتے ہیں، ہم علاقائی اور بین الاقوامی جماعتوں کے ساتھ متوازن تعلقات کے خواہاں ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم شامی عوام کی مرضی کا احترام کرتے ہیں، ان کی سیاسی قیادت کے انتخاب کی حمایت کرتے ہیں، عراقی وزیراعظم نے شام میں استحکام کے حصول کے لئے تمام فریقوں کے ساتھ تعاون کے لئے اپنے ملک کی تیاری کا اظہار کیا۔
ایرانی صدرمسعود پیزشکیان نے اس موقع پر زور دیا کہ تہران عراق میں سلامتی کے حصول کو اہمیت دیتا ہے، انہوں نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم نے عراق کے وزیر اعظم کے ساتھ خطے میں ہونے والی حالیہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا، انہوں نے مزید کہا کہ شام میں پیشرفت کے حوالے سے عراق کے ساتھ ہمارے مشترکہ تحفظات ہیں۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ ہم شام کے اتحاد اور دہشت گردی کے خطرے کی واپسی کے بارے میں خدشات رکھتے ہیں، انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خطرے سے بچنے کے لیے عراق کے ساتھ زیادہ حکمت اور تعاون کی ضرورت ہے۔
ایرانی صدر نے عراق کے ساتھ سکیورٹی معاہدے پر عمل درآمد کے بارے میں بات چیت کی۔