کیپ ٹاؤن ٹیسٹ: جنوبی افریقا نے پاکستان کو 10 وکٹ سے ہراکر سیریز میں کلین سوئپ کرلیا

0 5

جنوبی افریقا نے پاکستان کو کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں 10 وکٹ سے ہرا کر 2 میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کرلیا۔

میچ میں جنوبی افریقا نے پہلی اننگز میں 615 رنز اسکور کیے تھے اور پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 194 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی۔ فالو آن کے بعد پاکستان نے دوسری اننگز میں478 رنز بناکر 57 رنز کی برتری لی جسے جنوبی افریقا نے بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا۔

کیپ ٹاؤن ٹیسٹ میں پاکستان ٹیم اننگز کی شکست سےتو بچنے میں کامیاب ہوگئی لیکن میچ نہ بچاسکی۔ شان مسعود 145، بابر اعظم 81 اور آغا سلمان 48 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ٹیسٹ کے چوتھے دن پاکستان نے213 رنز ایک وکٹ سے اننگز آگے بڑھائی، نائٹ واچ مین خرم شہزاد 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

مڈل آرڈر میں کامران غلام 28 اور سعود شکیل23 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔کپتان شان مسعود نے 145 رنز کی اننگزکھیلی، محمدرضوان اور آغا سلمان نے 88 رنز کی شراکت بناکر ٹیم کو اننگز کی شکست سے تو بچالیا لیکن دونوں کھلاڑی بالترتیب 41 اور 48 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، عامر جمال بھی 34 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، صائم ایوب انجری کی وجہ سے بیٹنگ نہ کرسکے اور پاکستان کی پوری ٹیم 478 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

جنوبی افریقا نے 58 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔ جنوبی افریقا کی دوسری اننگز میں بیڈہنگم نے 44 اور مارکرم نے 14 رنز بنائے۔

جنوبی افریقا کے ریان ریکلٹن شاندار بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔ ریان ریکلٹن نے پہلی اننگز میں 259 رنز کی اننگز کھیلی تھی جس میں 3 چھکے اور 29 چوکے شامل تھے۔

جنوبی افریقا کے مارکو ینسین کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا۔

میزبان ٹیم نے پہلے ٹیسٹ میں 2 وکٹ سے اور دوسرے ٹیسٹ میں 10 وکٹوں کی فتح کے ساتھ سیریز میں کلین سوئپ کرلیا۔

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.