یوایس جونیئر سکواش چیمپئن ہرمس علی راجہ کا اسلام آباد میں پُرتپاک استقبال
یوایس جونیئر سکواش چیمپئن ہرمس علی راجہ کا اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے پر پُرتپاک استقبال کیا گیا۔
یو ایس جونیئر اوپن سکواش چیمپیئن شپ 14 سے 17 دسمبر تک فلاڈیلفیا (امریکہ) میں منعقد ہوئی، دنیا کے سب سے بڑے انفرادی سکواش ٹورنامنٹ میں ایک ہزار7 کھلاڑیوں نے 51 ممالک کی نمائندگی کی۔
ایونٹ میں صرف 3 ممالک مصر، امریکہ اور پاکستان نے ٹائٹل جیتے، راولپنڈی کے ہرمس علی راجہ نے بوائز انڈر 11 گروپ میں حصہ لیا۔
تاریخی فتح کے بعد اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچنے پر پاکستان سکواش فیڈریشن کی جانب سے کھلاڑی کا پُرتپاک استقبال کیا گیا۔
پی ایس ایف کے عہدیداروں اور عملے کے علاوہ کھلاڑیوں، کوچز اور شائقین کی بڑی تعداد نے بھی چیمپئن کا استقبال کیا۔
فاتح کھلاڑی کو ریلی کی شکل میں پاکستان سکواش فیڈریشن لایا گیا، پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر اور سینئر نائب صدر نے ہرمس علی راجہ کو شاندار فتح پر مبارکباد دی۔