پنجاب نے قائداعظم بین الصوبائی گیمز 2024 کا ٹائٹل جیت لیا
اسلام آباد: قائداعظم بین الصوبائی گیمز 2024 میں پنجاب کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مجموعی طور پر 174 میڈلز کے ساتھ گیمز کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔
قائداعظم بین الصوبائی گیمز میں پنجاب نے مجموعی طور پر 174 میڈلز (79 گولڈ، 53 سلور، 42 کانسی) جیت کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔
خیبرپختونخوا 97 میڈلز (28 گولڈ، 31 سلور، 38 کانسی) کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، جب کہ سندھ نے 79 میڈلز (16 گولڈ، 28 سلور، 35 کانسی) جیت کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
بلوچستان نے 62 میڈلز (14 گولڈ، 16 سلور، 32 کانسی)، اسلام آباد نے 56 میڈلز (6 گولڈ، 11 سلور، 39 کانسی)، گلگت بلتستان نے 22 میڈلز (2 گولڈ، 2 سلور، 18 کانسی) اور آزادکشمیر نے 26 میڈلز (1 گولڈ، 5 سلور، 20 کانسی) جیتے۔
قائداعظم بین الصوبائی گیمز 2024 کا اختتام جشن، جوش اور رنگا رنگ تقریبات سے بھرپور رہا۔
اختتامی تقریب میں نہ صرف بہترین کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کو سراہا گیا بلکہ پاکستان کے مختلف علاقوں کے ثقافتی رنگ بھی نمایاں کیےگئے۔ تقریب میں روایتی علاقائی موسیقی، رقص اور کلچرل شو کے ذریعے ملک کے تمام صوبوں کی ثقافت کو اجاگر کیا گیا، جس نے تقریب کو مزید یادگار بنا دیا۔
اختتامی تقریب میں وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ ندیم ارشاد کیانی نے گیمز کی کامیاب تکمیل پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئےکہا کہ قائداعظم بین الصوبائی گیمز نے پاکستان کے تمام صوبوں، علاقوں اور کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا اور قومی یکجہتی کے جذبے کو فروغ دیا۔ یہ گیمز نوجوانوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا شاندار موقع فراہم کرتی ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل پاکستان aسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے کہا کہ یہ گیمز نہ صرف کھلاڑیوں کو عالمی معیار کے مقابلے فراہم کرتے ہیں بلکہ مختلف صوبوں کے کلچر اور روایات کو اجاگر کرنے کا ذریعہ بھی ہیں۔ ہم کھیلوں کے ذریعے پاکستان کو مزید مضبوط اور متحد دیکھنا چاہتے ہیں۔