پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے جنوبی افریقا جانے سے انکار کر دیا
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے جنوبی افریقا جانے سے انکار کر دیا۔
پاکستان ان دنوں جنوبی افریقا کے دورے پر ہے جہاں دونوں ملکوں کے درمیان ابھی ٹی ٹوئنٹی سیریز جاری ہے۔جس کے بعد 3 میچز کی ون ڈے سیریز اور پھر 2 ٹیسٹ میچزکی سیریز بھی ہوگی۔
جیسن گلیسپی کو کل جنوبی افریقا پہنچنا تھا جہاں انہیں پری ٹیسٹ کیمپ کی نگرانی کرنا تھی۔
تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے جنوبی افریقا جانے سے انکار کیا ہے۔انہوں نے پی سی بی کی جانب سے ریڈ بال ٹیم کے کوچ ٹم نیلسن کے معاہدے میں توسیع نہ ہونے پر نہ جانے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کے مطابق البتہ گلیسپی نے ذاتی وجوہات کی بنا پر جنوبی افریقا نہ جانے کا بورڈ کو بتایا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے جیسن گلیسپی کو مستقبل میں ذمے داریاں نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق گیری کرسٹن کی طرح جیسن گلیسپی نے بھی وقت سے پہلے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وائٹ بال کے عبوری ہیڈکوچ عاقب جاوید کے ریڈ بال میں ذمے داریاں جاری رکھنے کا امکان ہے۔
اس سے قبل جمعرات کو یہ خبر سامنے آئی تھی کہ پی سی بی نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے ہائی پرفارمنس ریڈ بال کوچ ٹم نیلسن کے معاہدے میں توسیع نہیں کی ہے۔