ویسٹ انڈیز ویمن نے آئرلینڈ کو دوسراٹی ٹونٹی میچ ہرا دیا
ہیلی میتھیوز کو آل رائونڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا
سینٹ لوشیا (شوریٰ نیوز)ویسٹ انڈیز ویمن نے آئرلینڈ کو دوسراٹی ٹونٹی میچ ہرا دیا،ہیلی میتھیوز کو آل رائونڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ،ویسٹ انڈیز ویمن نے آئرلینڈ کی خواتین ٹیم کو دوسرے ٹی ٹونٹی کرکٹ میچ میں 8 وکٹوں سے ہرا کر تین میچوں کی سیریزمیں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ آئرلینڈ ویمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز بنا کر ویسٹ انڈیز کی ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 114 رنز کا ہدف دیا۔ وکٹ کیپر بلے باز ایمی ہنٹر نے 33 اورکپتان لورا ڈیلانی 20 رنز بناسکیں۔ ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کی کپتان ہیلی میتھیوز ،شامیلیا کونل اور چیری این فریزر نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی ۔جواب میں کپتان ہیلی میتھیوز کی عمدہ بیٹنگ کی بدولت ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف 16.4 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر نہ صرف حاصل کرلیا بلکہ آئرش ویمن ٹیم کو میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری بھی حاصل کرلی۔ کپتان ہیلی میتھیوز نے 50 رنز کی عمدہ اننگز اورچنیل ہنری نے ناقابل شکست 22 رنز بناکر ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ویسٹ انڈین ویمن ٹیم کی کپتان ہیلی میتھیوز کو آل رائونڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا ۔