آسٹریلیا کی جانب سے کئی سنچریاں بنانیوالے اوپنر اٹلی کرکٹ ٹیم کے کپتان مقرر

0 25

سابق آسٹریلوی اوپنر جو برنز کو اٹلی کرکٹ ٹیم کا نیا کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

برسبین میں پیدا ہونے والے جو برنز نے 2014 میں آسٹریلیا کے لیے ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور دسمبر 2020 تک کینگروز کی نمائندگی کرتے ہوئے 23 ٹیسٹ میچوں کی 40 اننگز میں 1442 رنز بنائے۔

جوبرنز نے ٹیسٹ کرکٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے 4 سنچریاں اور 7 ففٹیاں بھی بنائیں، ان کی اوسط 36.97 رہی۔

اس کے علاوہ انہوں نے آسٹریلیا کے لیے 6 ون ڈے انٹرنیشنلز بھی کھیلے جبکہ آسٹریلیا میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں 20 سنچریاں بھی بنائیں۔

تاہم جوبرنز نے آسٹریلوی ٹیم کو خیر باد کہہ کر رواں سال مئی میں اٹلی کی کرکٹ ٹیم میں شامل ہونے کیلئے کوالیفائی کیا اور جون میں اٹلی کے لیے پہلا ٹی ٹوئنٹی کھیلا۔

جو برنز اٹلی کے لیے اب تک 5 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز کھیل چکے ہیں جس میں انہوں نے مجموعی طور پر 211 رنز بنائے۔

شاندار کارکردگی کی بنیاد پر جو برنز کو اب اٹلی کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کا نیا کپتان بنایا گیا ہے۔

جوبرنز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اٹلی کی کپتانی کرنا میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہے، اس ٹیم میں زبردست صلاحیت موجود ہے اور میں اٹلی کرکٹ کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے پُرجوش ہوں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.