ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ، آج سے برطانیہ میں کھیلا جائےگا
میگا ایونٹ 14 دن جاری رہنے کے بعد 16 جولائی کو اختتام پذیر ہوگا
لندن(شوریٰ نیوز)ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ، آج سے برطانیہ میں کھیلا جائےگا،میگا ایونٹ 14 دن جاری رہنے کے بعد 16 جولائی کو اختتام پذیر ہوگا، رواں برس تیسرے بڑے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 136 واں ایڈیشن آج سے برطانیہ میں شروع ہوگا۔ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ آل انگلینڈ لان ٹینس اور کروکٹ کلب ومبلڈن میں کھیلا جائے گا، میگا ایونٹ میں ایسوسی ایشن ٹینس ( اے ٹی پی ) کا 136 واں جبکہ ورلڈ ٹینس ایسوسی ایشن ( ڈبلیو ٹی اے ) کا 129 واں ایڈیشن ہو گامیگا ایونٹ گراس کورٹ پر کھیلا جائے گا جس میں دنیائے ٹینس کے نامور کھلاڑی ٹائٹل کے حصول کیلئے ان ایکشن ہوں گے۔سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار نوویک جوکووچ میگا ایونٹ کے مینز سنگلز مقابلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے، خواتین کے سنگلز مقابلوں میں قزاخستان کی ایلینا ریباکینا نے 2022 کا ویمنز سنگلز ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، اسی طرح مینز ڈبلز مقابلوں میں میتھیو ایبڈن اور ان کے ہم وطن جوڑی دار میکس پورسل پر مشتمل آسٹریلوی جوڑی اپنے اعزاز کی بقا کے لئے کوشاں ہوگی۔ویمنز ڈبلز مقابلوں میں باربورا کریجیکووا اور ان کی ہم وطن جوڑی دار کیٹرینا سینیاکوواپر مشتمل جمہوریہ چیک کی جوڑی اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لئے پنجہ آزمائی کرے گی۔میگا ایونٹ 3 جولائی سے شروع ہو کر 14 دن جاری رہنے کے بعد 16 جولائی کو اختتام پذیر ہوگا۔