ویرات کوہلی نے سنچریوں کی سنچری بناکر اہم سنگ میل عبور کر لیا
بھارت کے لیجنڈ بلے باز ویرات کوہلی نے پروفیشنل کرکٹ میں سنچریوں کی سنچری مکمل کرلی۔انہوں نے یہ سنگ میل پرتھ ٹیسٹ میں سنچری اسکور کرتے ہوئے عبور کیا ۔۔ وہ مجموعی پروفیشنل کرکٹ میں 100 سنچریان بنانے والے دنیا کے واحد متحرک اور مجموعی طور پر 37 ویں کرکٹر ہیں ۔
آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ کی تیسری اننگز میں ویرات کوہلی نے 143 گیندوں پر 100 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، یہ ان کے پروفیشنل کیرئیر کی 100 ویں سنچری تھی جس میں سے 81 سنچریاں انہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ میں بنائی ہیں۔
ویرات کوہلی کے اس ریکارڈ میں 37 فرسٹ کلاس، 54 لسٹ اے اور 9 ٹی ٹوئنٹی سنچریاں شامل ہیں۔
ویرات کوہلی 100 سنچریاں بنانے والی دنیا کے 37 ویں پلیئر ہیں۔ بھارتی بیٹر سو سنچریاں بنانے والے اس وقت واحد متحرک کرکٹر ہیں۔ آخری مرتبہ 100 سنچریوں کا سنگ میل سری لنکا کے کمار سنگاکارا نے 2020 میں عبور کیا تھا۔
انگلینڈ کے جیک ہوبز 199 سنچریوں کے ساتھ اس فہرست میں ٹاپ پر ہیں۔ پاکستان کے ظہیر عباس پروفیشنل کرکٹ میں سنچریوں کی سنچریاں بنانے والے واحد پاکستانی ہیں، انہوں نے 127 سنچریاں اسکور کیں۔
ویرات کوہلی سے قبل اس فہرست میں شامل واحد انڈین سچن ٹنڈولکر نے 142 پروفیشنل سنچریاں بنائی ہیں۔واضح رہے کہ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ پرتھ میں کھیلا جارہا ہے اور آسٹریلیا کو جیت کے لیے 522 رنز درکار ہیں، جب کہ آج کھیل کا تیسرا دن ہے۔