ایشیز سیریز، آسٹریلیا کی انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست

آسٹریلیا کے 371 رنز ، انگلش ٹیم دوسری اننگز میں 327 رنز پر آئوٹ

0 47

لارڈز(شوریٰ نیوز)ایشیز سیریز، آسٹریلیا کی انگلینڈ کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں شکست،آسٹریلیا کے 371 رنز ، انگلش ٹیم دوسری اننگز میں 327 رنز پر آئوٹ ،آسٹریلیا نے انگلینڈ کو ایشیز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد 43 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی، آسٹریلیا کے 371 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم دوسری اننگز میں 327 رنز پر آئوٹ ہوگئی، بین سٹوکس 155 رنز کی شاندار اننگز کے باوجود میچ نہ بچا سکے، آسٹریلوی سٹار بیٹر سٹیون سمتھ کو شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔اتوار کو لارڈز کے تاریخی میدان میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز انگلینڈ نے 114 رنز 4 کھلاڑی آئوٹ پر اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا، بین ڈکٹ 50 اور کپتان بین سٹوکس 29 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔ دونوں بیٹرز نے سکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا تاہم 177 کے مجموعی سکور پر انگلینڈ کی 5ویں وکٹ گر گئی جب بین ڈکٹ 83 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ڈکٹ کے آئوٹ ہونے کے کچھ دیر بعد ہی جونی بیرسٹوو 10 رنز بنا کر عجیب انداز سے سٹمپ آئوٹ ہوکر واپس لوٹ گئے۔ اس کے بعد کپتان بین سٹوکس نے سکور کو آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا جبکہ سٹورٹ براڈ نے ان کا بھرپور ساتھ دیا، دونوں بیٹرز نے 7ویں وکٹ کی شراکت میں 108 قیمتی رنز بنائے۔ اس دوران بین سٹوکس نے ٹیسٹ کیریئر میں تیسری مرتبہ 150 رنز سے زائد کی اننگز کھیلی۔ سٹوکس 155 اور سٹورٹ براڈ 11 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ اولی روبنسن 1 اور جوش ٹنگ 19 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔آسٹریلوی فاسٹ بائولرز نے سپن بائولر نیتھن لیون کی کمی محسوس نہ ہونے دی اور اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرادیا۔ مچل سٹارک، پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ نے تین تین جبکہ کیمرون گرین نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.